کیا یوٹیوب نے آسکرز کو بچا لیا ہے؟ اس ہفتے سٹریمنگ کی دیو قامت کمپنی نے زیادہ روایتی نشریاتی اداروں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے 2029 سے ٹنسل ٹاؤن کی سب سے بڑی تقریب کو براہ راست دکھانے کے حقوق کے لیے معاہدہ کر لیا ہے اور وہ بھی مفت میں دکھانے کا۔ یہ کئی حوالوں سے ایک تاریخی لمحہ ہے، کیوں کہ اس کے ساتھ ہی ڈزنی کی ملکیت اے بی سی کے ساتھ اس تقریب کی نصف صدی پر محیط وابستگی ختم ہو گئی ہے، جس کے پاس 1976 سے نشریاتی حقوق تھے۔ اکیڈمی ایوارڈز کے سی ای او بل کریمر نے کہا کہ اس اقدام سے یہ تقریب زیادہ بڑے اور زیادہ بین الاقوامی ناظرین تک پہنچ سکے گی، تاہم یہ اس سٹریمنگ کی قیادت میں ہونے والی خلل اندازی کی ایک اور مثال بھی ہے جس کا سامنا ٹی وی انڈسٹری کو ہے۔ سالانہ آسکر تقریب، جسے پہلی بار 1953 میں این بی سی نے ٹیلی وژن پر دکھایا تھا، کی ریٹنگ میں گذشتہ سال معمولی اضافہ ہوا، لیکن مجموعی طور پر اس کی ناظرین کی تعداد طویل عرصے سے کم ہو رہی ہے۔ حتیٰ کہ ڈونلڈ ٹرمپ جیسے شخص نے بھی ماضی میں ناظرین میں کمی پر طنز کیا اور 2018 میں ’تاریخ کے سب سے کم ریٹنگ والے آسکرز‘ کا ذکر کرتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کی وجہ یہ مسئلہ ہے کہ ’اب ہمارے پاس سٹارز نہیں رہے، سوائے آپ کے صدر کے (بلاشبہ یہ مذاق تھا)‘ مزید پڑھ اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field) کیا وہ واقعی مذاق ہی کر رہے تھے؟ مثال کے طور پر برطانیہ میں فلموں کے شائقین شاید لاس اینجلس میں ہونے والی اس تقریب کو براہ راست دیکھنے کے لیے رات گئے تک جاگیں۔ مگر آخر کس کے پاس وقت ہوتا ہے، یا دل چاہتا ہے کہ تین گھنٹے کی خود ستائشی پر مبنی تقریب پوری کی پوری دیکھی جائے؟ زیادہ تر لوگوں کی دلچسپی دراصل صرف سب سے چمک دار انعامات میں ہوتی ہے۔ بہترین فلم، بہترین ہدایت کار اور اداکاری کے ایوارڈز۔ ساتھ میں فیشن کی ناکامیوں اور کبھی کبھار کسی مشہور شخصیت کے اچانک جارحانہ رویے کی جھلک۔ یوٹیوب کے لیے، جسے شروع ہوئے ابھی صرف 20 سال ہوئے ہیں، یہ خصوصی حقوق ایک موقع فراہم کرتے ہیں کہ وہ نشریات کو قابلِ ہضم مختصر حصوں یعنی کلپس میں تقسیم کرے، جو ناظرین کو اپنی طرف کھینچیں۔ یوں اشتہارات سے آمدنی بڑھے گی اور اس کے اپنے پریمیم منصوبے کو بھی فروغ ملے گا۔ سٹریمر کی جانب سے یہ ہوشیاری سے کیا گیا کاروباری فیصلہ ہے۔ یہ ہالی وڈ کے لیے بھی فائدہ مند ہے اور اس کی وجہ صرف یہ نہیں کہ امریکی فلمی صنعت اس وقت اپنے ناظرین کو مزید عالمی بنانا چاہتی ہے اور یہ اس کی ضرورت بھی ہے کہ جب خود امریکی ناظرین دور ہو رہے ہیں۔ لاس اینجلس کے باہر پہاڑیوں پر دیوہیکل ’ہالی وڈ لینڈ‘ کا سائن بورڈ لگنے کے ایک صدی سے کچھ زیادہ عرصے بعد، موشن پکچر انڈسٹری آج کل کئی طرح کی پریشانیوں میں گھری ہوئی ہے۔ پیرا ماؤنٹ کی جانب سے وارنر برادرز کو خریدنے کی معاندانہ کوشش اگر کامیاب ہو گئی تو ایک سٹوڈیو میدان سے باہر ہو جائے گا۔ ملازمتیں لازماً ختم ہوں گی اور ممکن ہے انتخاب بھی محدود ہو جائے۔ ناظرین کے لیے کم از کم نیٹ فلکس کی مسابقتی پیشکش زیادہ بہتر ہوتی۔ اس کے ساتھ ساتھ مصنوعی ذہانت کے منفی اثرات اور مجموعی طور پر سینیما کے زوال کا مسئلہ بھی موجود ہے۔ ڈزنی کی زوٹروپولس ٹو کی شاندار کامیابی کے باوجود، سٹوڈیوز کے لیے لوگوں کو سینیما گھروں تک کھینچ لانا دن بہ دن مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ اکتاہٹ پیدا کرنے والی سلسلہ وار اور فرنچائز فلمیں پیش کرنے کی ذمہ داری اتنی ہی فلم بین عوام پر عائد ہوتی ہے جتنی ان سٹوڈیوز پر جنہیں فلمی نقاد نشانہ بناتے ہیں۔ صارفین نئی اور اصل تخلیقات سے منہ موڑ رہے ہیں۔ چنانچہ سٹوڈیوز نے بھی ان ہی کے نقش قدم پر چلنا شروع کر دیا ہے۔ یہ صورت حال ہم جیسے لوگوں کے لیے خاصی مایوس کن ہے، جو کچھ زیادہ تخلیقی کام دیکھنا چاہتے ہیں۔ آخر کار، مستقبل سٹریمنگ ہی کا ہے اور ہم سب یہ جانتے ہیں، لیکن کسی سٹریمنگ کمپنی کی یہ جیت فلمی مداحوں کے لیے بھی ایک کامیابی ہو سکتی ہے، اگر یہ کچھ مزید لوگوں کو مقامی سینیما گھروں تک لے جانے اور نئے خیالات کو مالی طور پر تھوڑا مزید فائدہ مند بنانے میں مددگار ثابت ہو۔ یوٹیوب ہالی وڈ فلم فلمی دنیا اکیڈمی ایوارڈز دیکھنے والوں کی تعداد میں کمی کے پیش نظر کسی آن لائن پلیٹ فارم کی جانب سے آسکر ایوارڈ کی تقریب براہ راست دکھانے اور سوشل میڈیا پر کلپس جاری کرنے کی اجازت دینے سے اس کی مقبولیت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ جیمز مور ہفتہ, دسمبر 20, 2025 - 08:45 Main image:
ہالی وڈ کے سائن بورڈ کے پیچھے برف سے ڈھکی پہاڑیاں دکھ رہیں (فائل فوٹو/ اے ایف پی)
نقطۂ نظر type: news related nodes: یوٹیوب پر پاکستانی مواد کا 60 فیصد واچ ٹائم بیرون ملک سے آسکر نامزدگی: پاکستانی نژاد برطانوی اداکار رض احمد میزبان ہوں گے ہالی وڈ، گلابی جوتے اور ٹیگور کیا اواتار فلمی صنعت میں تھری ڈی فارمیٹ کو بچا پائے گی؟ SEO Title: آسکرز کی تقریب یوٹیوب پر، کیا ہالی وڈ کا سنہری دور واپس آ سکتا ہے؟ copyright: IndependentEnglish origin url: https://www.independent.co.uk/voices/oscars-youtube-streaming-academy-awards-video-best-b2887000.html show related homepage: Hide from Homepage