منگل کو آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز اور نیتھن لائن کو انگلینڈ کے خلاف آخری دو ٹیسٹ میچوں سے باہر کر دیا گیا ہے۔ تجربہ کار سپنر نیتھن لائن کی سرجری ہو گی جس کے بعد وہ طویل عرصے تک کھیل کے میدان سے دور رہیں گے۔ جمعے سے میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں شروع ہونے والے ایشز سیریز کے چوتھے ٹیسٹ کے لیے 15 رکنی سکواڈ میں فاسٹ بولر جائے رچرڈسن اور سپنر ٹوڈ مرفی کو بطور متبادل شامل کیا گیا ہے۔ آسٹریلیا پرتھ اور برزبین میں آٹھ وکٹوں اور ایڈیلیڈ میں 82 رنز کی جیت کے ساتھ مشہور ’ایشز ارن‘ کا دفاع پہلے ہی یقینی بنا چکا ہے۔ کوچ اینڈریو میکڈونلڈ نے ’کرکٹ ڈاٹ کام ڈاٹ اے یو‘ کو بتایا: ’کمنز سیریز کے بقیہ حصے میں کوئی کردار ادا نہیں کریں گے۔‘ میکڈونلڈ نے مزید کہا، ’اس کا جائزہ لیا جائے گا۔ میرا خیال ہے کہ کسی مرحلے پر ان کا سکین ہو گا تاکہ ان کی کمر کی تکلیف کے بارے میں مزید معلومات حاصل کی جا سکیں۔۔۔ ٹی 20 ورلڈ کپ کے حوالے سے میں فی الحال کچھ نہیں کہہ سکتا کہ وہ حصہ لیں گے یا نہیں۔ ابھی صورت حال کافی مبہم ہے، تاہم ہمیں امید ہے۔‘ مزید پڑھ اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field) پیٹ کمنز کمر کی تکلیف سے صحت یاب ہو کر جولائی کے بعد اپنے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلیا کو ایڈیلیڈ میں فتح دلانے کے لیے واپس آئے تھے، جس میں انہوں نے چھ وکٹیں حاصل کیں۔ میکڈونلڈ نے کہا: ’یہ ایک بحث تھی جو ہم نے ان کی واپسی کے حوالے سے کافی عرصہ پہلے کی تھی۔ ہم کچھ خطرہ مول لے رہے تھے۔ ہم نے اب سیریز جیت لی ہے اور یہی ہمارا ہدف تھا۔‘ کمنز اب فروری کے اوائل میں انڈیا اور سری لنکا میں شروع ہونے والے ایک ماہ طویل ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے مکمل فٹنس حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ میکڈونلڈ نے مزید کہا، ’انہیں مزید خطرے میں ڈالنا اور طویل مدتی نقصان پہنچانا ایسی چیز نہیں ہے جو ہم کرنا چاہتے ہیں۔ پیٹ اس فیصلے سے مطمئن ہیں۔ اگر تیاری کے دوران انہیں کوئی تکلیف ہوتی تو ہم انہیں فوراً روک دیتے۔‘ سٹیو سمتھ، جنہوں نے پہلے دو ٹیسٹ میچوں میں کمنز کی غیر موجودگی میں ٹیم کی قیادت کی تھی، ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں چکر آنے (ورٹیگو) کی علامات کی وجہ سے باہر رہنے کے بعد میلبورن میں دوبارہ ٹیم کی قیادت کریں گے۔ ’شاندار‘ سٹارک سٹیو سمتھ کی واپسی کا مطلب ہے کہ ٹیم میں کم از کم تین تبدیلیاں ہوں گی۔ عثمان خواجہ نے ایڈیلیڈ میں سمتھ کی جگہ چوتھے نمبر پر کھیلتے ہوئے 82 اور 40 رنز بنائے تھے اور اگر انہیں برقرار رکھا جاتا ہے تو جوش انگلس کو ٹیم سے باہر کیا جا سکتا ہے۔ 38 سالہ نیتھن لائن ایڈیلیڈ میں پانچویں روز فیلڈنگ کے دوران باؤنڈری بچاتے ہوئے دائیں ہیمسٹرنگ (ران کے پٹھوں) کو زخمی کر بیٹھے اور لنگڑاتے ہوئے گراؤنڈ سے باہر گئے۔ انہوں نے میچ میں اپنی 564 ویں وکٹ حاصل کر کے ساتھی آسٹریلوی عظیم بولر گلین میگرا کو پیچھے چھوڑ دیا اور اب وہ سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹیں لینے والوں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر آ گئے ہیں۔ کرکٹ آسٹریلیا نے کہا: ’نیتھن لائن کی دائیں ہیمسٹرنگ کے پھٹنے کی سرجری ہو گی جس کی وجہ سے وہ طویل عرصے تک باہر رہیں گے۔‘ لائن کے متبادل ٹوڈ مرفی اپنا پہلا ہوم ٹیسٹ کھیلنے کے لیے تیار ہیں۔ ان کی آسٹریلیا کے لیے پچھلی ساتوں کارکردگیاں بیرون ملک تھیں۔ ان کا آخری میچ رواں سال کے اوائل میں سری لنکا میں تھا۔ رچرڈسن کو چار سال کی ٹیسٹ سے غیر حاضری کے بعد شامل کیا گیا، جس دوران ان کے کندھے کی تین سرجریز ہوئیں۔ مچل سٹارک نے ایشز سیریز میں تباہ کن بولنگ کا مظاہرہ کیا ہے۔ یہاں وہ 21 نومبر 2025 کو زیک کرالی کو آؤٹ کرنے کے بعد خوشی کا مظاہرہ کر رہے ہیں (اے ایف پی) میکڈونلڈ نے 35 سالہ مچل سٹارک کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے سیریز میں اب تک 100 کے قریب اوورز کرائے ہیں اور وہ اچھی حالت میں ہیں۔ میکڈونلڈ نے سیریز کے بہترین بولر کے بارے میں کہا: ’سٹارک شاندار ہیں۔ وہ بالکل ٹھیک ہیں۔‘ سٹارک نے اب تک تین ایشز ٹیسٹ میچوں میں 17.04 کی اوسط سے 22 وکٹیں حاصل کی ہیں، جن میں پرتھ میں 58 رنز دے کر سات وکٹوں کی کیریئر کی بہترین اننگز بھی شامل ہے۔ انہوں نے لوئر آرڈر میں بیٹنگ کرتے ہوئے 150 قیمتی رنز بھی بنائے۔ میکڈونلڈ نے کہا: ’وہ مسلسل بھاگ رہے ہیں اور اپنی رفتار دکھا رہے ہیں۔ اپنے آپ کو تیار کرنے اور صحیح وقت پر صحیح میچوں کو ہدف بنانے کے حوالے سے بہت کچھ سیکھنے کو ہے۔‘ آسٹریلوی سکواڈ: سٹیو سمتھ (کپتان)، سکاٹ بولینڈ، الیکس کیری، برینڈن ڈوگیٹ، کیمرون گرین، ٹریوس ہیڈ، جوش انگلس، عثمان خواجہ، مارنس لیبوشین، ٹوڈ مرفی، مائیکل نیسر، جھائے رچرڈسن، مچل سٹارک، جیک ویدرالڈ، بیو ویبسٹر۔ ایشز سیریز آسٹریلیا مچل سٹارک آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے کمر کی تکلیف کے باعث ایشز سیریز کے صرف ایک میچ میں حصہ لیا تھا۔ اے ایف پی منگل, دسمبر 23, 2025 - 11:45 Main image:
آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز 18 دسمبر 2025 کو ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں (اے ایف پی)
کرکٹ type: news related nodes: آسٹریلیا نے ایڈیلیڈ ٹیسٹ اور ایشز سیریز جیت لی آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز انجری کے باعث ابتدائی ایشز ٹیسٹ سے ’باہر‘ ’آسٹریلیا نے اچھا کھیلنے ہی نہیں دیا:‘ ایشز میں ہار کے دھانے پر کھڑے انگلش بیٹر کراؤلی ایشز ٹیسٹ دو دن میں ختم ہو جانے کے باوجود پرتھ کی پچ ’بہترین‘ قرار SEO Title: آسٹریلوی کپتان کمنز ایشز سے باہر، ورلڈ کپ بھی خطرے میں copyright: show related homepage: Hide from Homepage