مرزا کالٹین اور گرم انڈے فروخت کرتا بچہ

رات کو بہت زور کی بارش برسی اور بےحد خوفناک آندھی آئی۔ صبح پورچ کی صفائی کروانے نکلی تو ایک کمزور سی ’می‘ سنائی دی۔ بلی کا ایک بچہ، جس کی عمر چند ہفتے یا بمشکل مہینہ سوا مہینہ ہو گی، بھیگا چوہا بنا دروازے کے پاس دبکا تھر تھر کانپ رہا تھا۔ بلونگڑا زخمی بھی تھا اور شدید بھوک سے نڈھال بھی۔ میرا خیال تھا کہ کچھ کھانے کو دوں گی اتنی دیر میں ماں آکے اسے لے جائے گی۔ صبح سے شام ہو گئی ماں نہیں آئی۔ شاید زندہ نہیں ہو گی، ورنہ کوئی ماں اپنا بچہ ایسے چھوڑ کے نہیں جاتی۔ بلونگڑا پورچ سے پیٹیو میں منتقل کر دیا گیا کیونکہ گھر میں پہلے سے موجود بلے کو شدید حسد محسوس ہو رہا تھا۔ دو راتیں گزر گئیں، بلونگڑا دودھ تو پی رہا تھا مگر اکیلا ہونے کی وجہ سے مسلسل ٹیاں ٹیاں کر رہا تھا۔ آخر تیسرے روز میں اسے گھر میں لے آئی۔ آتے ہی اس نے صوفے پر چھلانگ لگائی اور میری گود میں گھس کے خرر خرر کرنے لگا۔ سنہری آنکھوں میں اتنی محبت تھی کہ اب اس کے اس گھر سے کہیں جانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا تھا۔ یہ کالٹین کا گھر میں باقاعدہ پہلا دن تھا۔ ذرا سی اچھل کود کے بعد اس نے گھر پسند کر لیا اور خوب آرام دہ کونے وونے ڈھونڈ کے باقاعدہ سیٹل ہو گیا۔ کالٹین کی پسندیدہ خوراک ابلا ہوا انڈہ اور مرغی کی کلیجی ٹھہری۔ بازاری کھانے کو نہایت کمتر جانتا ہے اور کبھی کبھار مروت میں منہ مار لیتا ہے لیکن اصل چیز انڈہ ہے۔ گلدانوں میں سجے نرگس اور گلیڈ کے پھولوں کو نوچ کے پھینک دینا، کشنز پہ ناخن تیز کرنا، جوتیوں کو کترنا، پرندوں پہ تاک لگا لگا کے ان کے دل دہلانا اور فارغ وقت میں ہیٹر کے آگے لمبا پڑنا پسندیدہ مشاغل ہیں۔ نام بھی اپنا خود ہی پسند کیا۔ عادت ہے کہ میرے لکھے ہوئے کاغذات اور پڑھنے والی کتابوں کے صفحات کترتا رہتا ہے۔ دلی کے کسی ایک تذکرے کی جلد کو چیرنے پھاڑنے کے بعد ایک صفحہ منہ میں دبائے میرے پاس آیا اور بڑی شرافت سے میرے پیروں میں رکھ دیا۔ مزید پڑھ اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field) اس صفحے پہ مرزا کالٹین کا ذکر تھا، تب سے موصوف مرزا کالٹین ہوئے اور پہلے سے موجود خاقان بلونگڑا خان کاکڑ کے ساتھ برابری کی سطح پر رہنے لگے۔ دیگر عادات کے ساتھ ایک عادت شام کو ہوا خوری کے لیے موٹر میں بیٹھ کے گھومنا بھی ہے۔ جو کوئی گھر سے باہر جاتا ہے، مرزا اس کے سر ہو جاتے ہیں اور ساتھ جا کے مانتے ہیں۔ کل شام میں کچھ خریدنے نکلی، مرزا کالٹین حسب معمول ساتھ تھے اور پچھلی کھڑکی سے لگے باہر کا منظر دیکھ رہے تھے۔ ایک بچہ عمر یہ ہی کوئی آٹھ نو سال، بغیر سویٹر جیکٹ کے، پاؤں میں پلاسٹک کی چپل، ہاتھ میں کولر پکڑے کھڑکی کے پاس آیا۔ ’ گرم آنڈے ‘ بچے نے ہانک لگائی، مجھے دھیان آیا کہ مرزا نے آج انڈا نہیں کھایا، کھڑکی کھول کے سو کا نوٹ پکڑایا اور کالٹین کے لیے انڈا خرید لیا۔ بچے نے انڈہ مجھے پکڑایا۔ میں نے آئینے میں دیکھا، گاڑی کی کھڑکی سے چپکے کالٹین نے اپنی سنہری آنکھوں سے بچے کو دیکھا، بچہ بھی کھڑکی کے شیشے سے ناک چپکائے بلونگڑے کو دیکھ رہا تھا۔ نیم تاریکی میں بھی دونوں کی چمکتی آنکھوں میں بےحد حیرت تھی۔ شاید کالٹین سوچ رہا تھا کہ اس بچے کی ماں کہاں ہے؟ مر گئی ہو گی ورنہ اتنے چھوٹے بچے کی ماں اسے اتنی سردی میں ایسے بازار میں رات کے اس پہر کمانے کے لیے کیوں بھیجتی؟ ممکن ہے وہ یہ بھی سوچ رہا ہو کہ ماں تو مر بھی جاتی ہے لیکن کیا کسی نے اسے نہلا دھلا کے گرم کپڑے پہنا کے یخنی کا پیالہ اور گرم انڈہ کھلا کے ہیٹر کے سامنے کیوں نہیں بٹھایا۔ جانور تھا نا، یقیناً ایسی ہی احمقانہ باتیں سوچ رہا ہو گا۔ انسان تو اشرف المخلوقات ہے، ہمارے سات آٹھ سال کے بچے بھی کماؤ پوت ہوتے ہیں، اب یہ باتیں کالٹین کو کون بتاتا؟ دونوں بچے کچھ دیر ایک دوسرے کو دیکھتے رہے۔ بچے کی آنکھیں بھی اتنی ہی سنہری تھیں اور اس کا ایک ہاتھ اسی طرح زخمی تھا۔ بال بھی الجھے ہوئے تھے اور کپڑے خاصے میلے تھے۔ مجھے گھر جانے کی جلدی تھی، میں نے گاڑی بڑھائی مگر کالٹین دیر تک اس بچے کو دیکھتا رہا۔ گھر آکے بھی خاموش رہا، صبح اٹھ کے دیکھا تو ہیٹر کے آگے کشن خالی تھا، کالٹین گھر سے بھاگ چکا تھا۔ ایسے انسانوں کے ساتھ رہنے سے اسے یقیناً خوف محسوس ہو رہا ہو گا، جانور کہیں کا۔ نوٹ: یہ تحریر کالم نگار کی ذاتی آرا پر مبنی ہے، انڈپینڈنٹ اردو کا اس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ بلیاں سردی موسم سرما گاڑی کی کھڑکی سے چپکے بلونگڑے مرزا کالٹین نے اپنی سنہری آنکھوں سے انڈے بیچنے والے بچے کو دیکھا۔ شاید سوچ رہا تھا کہ اس بچے کی ماں کہاں ہے؟ مر گئی ہو گی ورنہ اتنے چھوٹے بچے کی ماں اسے اتنی سردی میں ایسے بازار میں رات کے اس پہر کمانے کے لیے کیوں بھیجتی؟ آمنہ مفتی اتوار, دسمبر 28, 2025 - 10:30 Main image: نقطۂ نظر type: news related nodes: پالتو جانور انسانوں سے بہتر سوشل میڈیا انفلوئنسر: نئی تحقیق بلیاں کیا کہنا چاہ رہی ہیں؟ سائنس دانوں نے پتہ لگا لیا بلیاں انسانوں کی خوشبو سے مالک اور اجنبی کا فرق کر سکتی ہیں: تحقیق موسم سرما اور یادیں SEO Title: مرزا کالٹین اور گرم انڈے فروخت کرتا بچہ copyright: show related homepage: Show on Homepage