پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما اور لیاری سے رکن قومی اسمبلی نبیل گبول نے کہا ہے کہ نیٹ فلکس کے ایک پروڈیوسر نے ان سے لیاری پر سیریز بنانے کے لیے رابطہ کیا ہے، جس کے لیے انہوں نے شرط رکھی ہے کہ ان کا کردار کسی ایسے اداکار سے کروایا جائے، جو ان کی طرح ’خوش شکل‘ اور ’دبنگ‘ ہو۔ بالی وڈ کی حالیہ فلم ’دھرندھر‘ میں کراچی کے قدیم اور گنجان آباد علاقے لیاری کو عسکریت پسندی، تشدد اور غیر قانونی سرگرمیوں کا مرکز دکھایا گیا ہے۔ فلم میں لیاری اور نبیل گبول سے مشابہ کردار دکھائے جانے کے بعد پاکستان میں شدید ردعمل سامنے آیا دوسری جانب حال ہی میں نبیل گبول نے اعلان کیا کہ نیٹ فلکس سے وابستہ ایک پروڈیوسر نے ’دھرندھر‘ کے جواب میں ایک سیریز بنانے کے لیے ان سے رابطہ کیا ہے۔ انڈپینڈنٹ اردو نے اسی سلسلے میں ان سے انٹرویو کیا، جس کے دوران نبیل گبول نے بتایا کہ فلم ’دھرندھر‘ نے لیاری کی شناخت کو ایک بار پھر تشدد اور جرائم سے جوڑنے کی کوشش کی، جس کے برعکس اب نیٹ فلکس جیسے عالمی پلیٹ فارم پر کراچی اور لیاری کی کہانی کو مختلف زاویے سے دکھانے کی بات ہو رہی ہے۔ مزید پڑھ اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field) انہوں نے بتایا کہ ایک ہفتہ قبل انہیں نیو یارک کے ایک نمبر سے کال موصول ہوئی جو نیٹ فلکس کے اس پروڈیوسر کی کال تھی، جنہوں نے سیریز ’نارکوس‘ پروڈیوس کی ہے۔ نبیل گبول کے مطابق: ’پروڈیوسر لیاری گینگ وار پر فلم بنانے کے خواہش مند ہیں، تاہم میں سمجھتا ہوں کہ نیٹ فلکس کی سیریس میں کراچی کی گینگ وار دکھانی چاہیے، جب ایک کال پر کراچی بند ہو جاتا تھا اور بوری بند لاشیں ملا کرتی تھی۔‘ انہوں نے بتایا کہ مارچ میں نیٹ فلکس کی ٹیم کی آمد متوقع ہے۔ ایک سوال کے جواب میں نبیل گبول نے بتایا: ’میں بذات خود نیٹ فلکس سیریز میں کردار ادا نہیں کروں گا لیکن میں نے شرط رکھی ہے کہ میرا کردار کسی مضبود اداکار سے کروائیں، جو میری طرح خوش شکل ہو اور دبنگ شخصیت ہو۔‘ انڈین فلم میں خود سے مشابہ کردار پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ’نبیل گبول کبھی مسکین نہیں رہا۔ میری پوری سیاسی اور سماجی زندگی میں، میں نے ایک دبنگ کردار ادا کیا ہے۔‘ پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما اور لیاری سے رکن قومی اسمبلی نبیل گبول 30 دسمبر 2025 کو انڈپینڈنٹ اردو کو انٹرویو دیتے ہوئے (صالحہ فیروز خان/ انڈپینڈنٹ اردو) انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مجوزہ سیریز میں ان کے کردار کے لیے سیریز’نارکوس‘ میں پابلو ایسکوبار کا کردار ادا کرنے والے معروف اداکار ویگنر مورا جیسے پروفائل کے اداکار کو زیرِ غور لایا جا رہا ہے۔ بالی وڈ فلم ’دھرندھر‘ کو ایک ’منظم سیاسی پروپیگنڈا‘ قرار دیتے ہوئے نبیل گبول نے کہا کہ اسے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کی سرپرستی حاصل رہی۔ بقول نبیل گبول: ’انڈیا نے مجھے اور پاکستان کو بدنام کرنے کی ناکام کوشش کی ہے مگر حقیقت یہ ہے کہ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ آج بھی ہم سے خوفزدہ ہیں۔ جب بھی انڈیا کو پاکستان کی فوج سے شکست ہوتی ہے تو وہ فلموں اور سوشل میڈیا جیسے ہتھکنڈے استعمال کرتا ہے۔‘ انہوں نے گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا: ’میں یہ مانتا ہوں کہ ایک وقت میں لیاری میں گینگ وار تھی، لیکن جس فلم پر 300 کروڑ روپے خرچ کیے گئے وہ بی جے پی اور مودی سرکار کی فنڈنگ سے بنی ہے۔ اس میں لیاری اور پاکستان کو شامل کرنا دراصل ان کی اپنی ناکامی کا اعتراف ہے۔ یہ یک طرفہ کہانی تھی، جس میں نہ میرا مؤقف شامل تھا اور نہ ہی لیاری کی اصل تصویر۔‘ انہوں نے کہا کہ ’رحمان ڈکیت کے دور میں لیاری میں وہ دہشت نہیں تھی، جو بعد میں عزیر بلوچ کے دور میں آئی اور میں نے خود اس وقت گینگ وار کے خلاف کھل کر مزاحمت کی۔‘ نبیل گبول کے مطابق انہوں نے گینگ وار عناصر کو سرنڈر پر آمادہ کیا، مگر اس وقت سندھ حکومت کے بعض بااثر افراد نے انہیں روک دیا۔ انہوں نے بتایا کہ فلم دھرندھر کے جواب میں سندھ حکومت کے تعاون سے لیاری کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے ایک مقامی فلم بھی بنائی گئی، جس کا مقصد علاقے کے ٹیلنٹ، ثقافت اور سماجی پہلوؤں کو سامنے لانا تھا۔ سوشل میڈیا پر جاری بحث، جس میں کہا گیا کہ لیاری پر فلم بننے کے بجائے لیاری کو بنانا چاہیے، کے جواب میں نبیل گبول نے لیاری میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا: ’بلاول بھٹو زرداری کی ذاتی دلچسپی سے لیاری میں 400 کلومیٹر طویل گیس پائپ لائن بچھائی گئی ہے، جبکہ سندھ حکومت نے پانچ ارب روپے کا خصوصی ترقیاتی فنڈ مختص کیا ہے۔ اس منصوبے کو ٹرانسفارمیشن آف لیاری کا نام دیا گیا ہے اور اس کے اثرات جلد نظر آئیں گے۔‘ انٹرویو کے دوران نبیل گبول نے اپنی سیاسی زندگی پر بھی گفتگو کی۔ پیپلز پارٹی سے علیحدگی اور پھر واپسی کے سوال پر انہوں نے بتایا کہ 2013 میں گینگ وار اور اندرونی اختلافات کے باعث انہیں پارٹی چھوڑنا پڑی، مگر وقت نے ثابت کیا کہ اس دور میں کیے گئے فیصلوں سے پارٹی کو نقصان پہنچا۔ ’آج پارٹی قیادت اور عوام دونوں نے مجھ پر دوبارہ اعتماد کیا ہے۔‘ نبیل گبول کو حال ہی میں ایک انڈین ٹاک شو میں بھی ٹرولنگ کا نشانہ بناتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان میں ’سیاست دان امیر ہیں جبکہ ملک قرضے لے رہا ہے۔‘ اس حوالے سے سوال پر نبیل گبول نے کہا: ’ میں منہ میں سونے کا چمچ لے کر پیدا ہوا ہوں۔‘ انہوں نے بتایا کہ ان کے دادا خداداد گبول نے تقسیم سے قبل برطانوی دور میں کراچی کی زمینیں باقاعدہ نیلامی کے ذریعے خریدی تھی اور ان کے دادا نے قانونی طور پر شہر کی تقریباً 70 فیصد زمین خرید لی تھی، جس کے ثبوت آج بھی ان کے پاس موجود ہیں۔ نبیل گبول کے مطابق: ’برطانوی حکومت نے بعد میں ان پر پابندی لگانے کی کوشش کی کیونکہ اگر انہیں مزید خریداری سے نہ روکا جاتا تو وہ پورے کراچی کے مالک بن سکتے تھے، جس سے سرکاری لینڈ ریٹ ختم ہو جاتا۔‘ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ موجودہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی زمین بھی ان کی خاندانی ملکیت تھی اور حکومت کے پاس اتنی رقم نہیں تھی کہ اس کی مکمل ادائیگی کر سکے۔ اسی تناظر میں انہوں نے واضح کیا کہ وہ ایئرپورٹ کے نام کی تبدیلی کے حامی نہیں، کیونکہ یہ قائداعظم محمد علی جناح کے نام سے منسوب ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ان کے خاندان کے جو قانونی حقوق بنتے ہیں، وہ انہیں ملنے چاہییں۔ آخر میں نبیل گبول نے اپنے ذاتی شوق کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں بچپن سے شکار کا شوق ہے اور وہ 15 سال کی عمر سے شکار کرتے آرہے ہیں۔ ساتھ ہی کلاسک ونٹیج کاریں جمع کرنا بھی ان کا دیرینہ شوق رہا ہے۔ انہوں نے مسکراتے ہوئے بتایا کہ سیاست چھوڑنے کے بعد وہ اداکاری کی دنیا میں بھی قدم رکھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ بالی وڈ فلم لیاری لیاری سے رکن قومی اسمبلی نبیل گبول نے بتایا ہے کہ نیٹ فلکس سے وابستہ ایک پروڈیوسر نے ’دھرندھر‘ کے جواب میں ایک سیریز بنانے کے لیے ان سے رابطہ کیا ہے اور مارچ میں ایک ٹیم کی آمد متوقع ہے۔ صالحہ فیروز خان جمعرات, جنوری 1, 2026 - 07:30 Main image:
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما اور لیاری سے رکن قومی اسمبلی نبیل گبول 30 دسمبر 2025 کو انڈپینڈنٹ اردو کو انٹرویو دیتے ہوئے (صالحہ فیروز خان/ انڈپینڈنٹ اردو)
فلم jw id: vqLig83X type: video related nodes: کیا لیاری واقعی وہی ہے جو فلم ’دھرندھر‘ میں دکھایا گیا؟ دھرندھر: انڈیا نے رحمان ڈکیٹ کو گلمیرائز کرنے پر کروڑوں لگا دیے دھرندھر سے پہلے لیاری پر بنی پاکستانی فلمیں فلم دھرندھر کے خلاف انڈین ایجنٹ کے اہل خانہ ہی عدالت پہنچ گئے SEO Title: لیاری پر نیٹ فلکس سیریز میں میرا کردار کوئی دبنگ اداکار کرے: نبیل گبول کی شرط copyright: show related homepage: Show on Homepage