وائٹ ہاؤس نے ’بورڈ آف پیس‘ میں شامل رہنماؤں میں سے بعض کے نام جاری کر دیے ہیں، جو غزہ میں آئندہ اقدامات کی نگرانی میں کردار ادا کریں گے جبکہ اسرائیلی جارحیت کے بعد غزہ کا انتظام سنبھالنے کے لیے قائم کی گئی فلسطینی کمیٹی نے جمعے کے روز قاہرہ میں پہلی بار اجلاس منعقد کیا۔ امریکہ کی ثالثی میں ہونے والے غزہ جنگ بندی معاہدے کے دوسرے مرحلے کے نفاذ کے ساتھ تشکیل دی گئی یہ کمیٹی 15 ٹیکنوکریٹس پر مشتمل ہے، جنہیں حماس اسرائیل جنگ کے بعد فلسطینی علاقے کا انتظام چلانے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ کمیٹی کے ایک رکن نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ کمیٹی کے پہلے اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر اور بلغاریہ کے سفارت کار نکولے ملادی نوف نے شرکت کی، جن کے بارے میں توقع ہے کہ وہ غزہ جنگ بندی کے دوسرے مرحلے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ کمیٹی کے رکن نے مزید کہا کہ کمیٹی کے ارکان ہفتے کو ایک اور ورکنگ سیشن کے لیے دوبارہ ملاقات کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا: ’ہمیں امید ہے کہ ہم اگلے ہفتے یا اس کے بعد والے ہفتے غزہ جائیں گے۔ ہمارا کام وہاں ہے اور ہمیں وہاں ہونے کی ضرورت ہے۔‘ مزید پڑھ اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field) رکن نے کہا کہ ’کمیٹی کی ترجیح عوامی خدمات ہوں گی۔ ہم سیاست سے سروکار نہیں رکھیں گے۔‘ دریں اثنا کمیٹی کے ایک اور رکن عمر شمالی نے بتایا کہ ’تعلیم، صحت اور سکیورٹی کی خدمات فراہم کرنے کے لیے دو لاکھ پہلے سے تیار شدہ یونٹس غزہ میں داخل ہوں گے۔‘ سفارتی ذرائع کے مطابق کمیٹی کا مرکز قاہرہ میں ہو گا اور ارکان باقاعدگی سے غزہ آتے جاتے رہیں گے۔ کمیٹی کی سربراہی غزہ کے مقامی باشندے اور فلسطینی اتھارٹی کے سابق نائب وزیر علی شعث کر رہے ہیں۔ اس کمیٹی کی نگرانی ’بورڈ آف پیس‘ کرے گا، جس کی سربراہی خود ٹرمپ کریں گے۔ برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری کیے گئے ناموں کے مطابق ’بورڈ آف پیس‘ میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو، ٹرمپ کے خصوصی ایلچی سٹیو وٹکوف، سابق برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر اور ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر شامل ہیں جبکہ ٹرمپ بورڈ کے چیئرمین ہیں۔ اسرائیل اور فلسطینی تنظیم حماس نے اکتوبر 2024 میں ڈونلڈ ٹرمپ کے منصوبے کی منظوری دی تھی، جس کے مطابق فلسطینی ٹیکنوکریٹس پر مشتمل کمیٹی کی نگرانی ایک بین الاقوامی ’بورڈ آف پیس‘ کرے گا جس کا مقصد عبوری مدت کے لیے غزہ کے انتظام کی نگرانی کرنا ہے۔ وائٹ ہاؤس نے کہا کہ بورڈ میں پرائیویٹ ایکویٹی ایگزیکٹیو اور ارب پتی مارک روون، ورلڈ بینک کے صدر اجے بنگا اور ٹرمپ کے مشیر رابرٹ گیبریل بھی شامل ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے سابق مشرق وسطیٰ کے ایلچی نکولے ملادی نوف غزہ کے لیے اعلیٰ نمائندے کا کردار ادا کریں گے۔ ایک شخص پانچ نومبر، 2025 کو غزہ شہر کے علاقے الرمل میں ایک سکول میں قائم بے گھر فلسطینیوں کے کیمپ میں بچوں کے ساتھ بیٹھا ہے (اے ایف پی) وائٹ ہاؤس کے بیان میں ان ارکان کی ذمہ داریوں کی وضاحت نہیں کی گئی۔ انسانی حقوق کے بہت سے ماہرین اور وکلا پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ ٹرمپ کی جانب سے کسی غیر ملکی علاقے کے انتظام کی نگرانی کرنے والے بورڈ کی سربراہی ایک نوآبادیاتی ڈھانچے سے مشابہت رکھتی ہے، جب کہ ٹونی بلیئر کی شمولیت پر گذشتہ سال عراق جنگ میں ان کے کردار کی وجہ سے تنقید کی گئی تھی۔ وائٹ ہاؤس نے بتایا کہ سابق امریکی سپیشل آپریشنز کمانڈر میجر جنرل جیسپر جیفرز کو عالمی استحکام فورس کا کمانڈر مقرر کیا گیا ہے۔ نومبر کے وسط میں منظور ہونے والی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد نے ’بورڈ آف پیس‘ اور اس کے ساتھ کام کرنے والے ممالک کو غزہ میں یہ فورس قائم کرنے کا اختیار دیا تھا۔ دوسری جانب اسرائیل اور حماس کی جانب سے غزہ میں ایک دوسرے پر فائر بندی کی خلاف ورزیوں کا الزام بھی لگایا جا رہا ہے، جہاں گذشتہ برس اکتوبر میں فائر بندی کے آغاز کے بعد سے 440 سے زائد فلسطینی، جن میں 100 سے زائد بچے شامل ہیں، اور تین اسرائیلی فوجیوں کے مارے جانے کی اطلاع ہے۔ 2023 کے آخر سے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں ہزاروں افراد جان سے جا چکے ہیں، بھوک کا بحران پیدا ہوا ہے اور غزہ کی پوری آبادی داخلی طور پر بے گھر ہو گئی ہے۔ انسانی حقوق کے متعدد ماہرین، سکالرز اور اقوام متحدہ کی انکوائری کا کہنا ہے کہ یہ نسل کشی کے مترادف ہے۔ دوسری جانب اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس نے یہ کارروائیاں اپنے دفاع میں کیں۔ غزہ غزہ پر اسرائیلی حملہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ مصر قاہرہ وائٹ ہاؤس نے غزہ کے لیے قائم کیے گئے ’بورڈ آف پیس‘ میں شامل رہنماؤں میں سے بعض کے نام جاری کر دیے ہیں جبکہ فلسطینی کمیٹی نے جمعے کو قاہرہ میں پہلی بار اجلاس منعقد کیا۔ انڈپینڈنٹ اردو ہفتہ, جنوری 17, 2026 - 07:45 Main image:
13 جنوری 2026 کو ایک فلسطینی بچہ غزہ پر اسرائیلی حملوں میں تباہ ہونے والی عمارت کے ملبے پر کھڑا ہے (اے ایف پی)
دنیا type: news related nodes: غزہ کی پٹی کے انتظامی امور سنبھالنے والے علی شعث کون ہیں؟ پاکستان، سعودی عرب سمیت آٹھ ممالک کا غزہ کمیٹی کا خیرمقدم پاکستان سمیت آٹھ مسلم ممالک کا غزہ میں فوری، بلا رکاوٹ امداد کا مطالبہ غزہ میں فوج بھیجنے سے متعلق اعتماد میں لیا جائے: اپوزیشن کانفرنس SEO Title: غزہ کے ’بورڈ آف پیس‘ میں شامل بعض نام جاری، فلسطینی کمیٹی کا بھی پہلا اجلاس copyright: show related homepage: Show on Homepage